پیرس: (دنیا نیوز) مشرق وسطیٰ میں امریکا کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یوکرین کے سکیورٹی منصوبے کے حامی ہیں۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں یوکرین کے اتحادی ممالک کا اہم اجلاس ہوا جس میں 27 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، امریکہ کی قیادت میں یوکرین روس جنگ بندی مانیٹرنگ میکانزم پر اتحادیوں نے اتفاق کر لیا۔
اجلاس کے بعد مشرق وسطیٰ میں امریکا کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یوکرین میں امن چاہتے ہیں۔
اسٹیو وٹکوف کا کہنا تھا کہ یوکرین سکیورٹی پروٹوکولز کا مقصد حملوں کی روک تھام اور دفاع ہے، روس اگر جنگ بندی معاہدے کے بعد حملہ کرے تو اس سے یوکرین کا دفاع کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے ایک جانب مذاکرات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ دوسری جانب روس نے تاحال کوئی لچک نہیں دکھائی، 4 سالہ تنازع ختم کرنے کی کوششوں کے دوران ماسکو نے ابھی تک رعایت کا کوئی عندیہ نہیں دیا۔



