امریکا طویل المدتی سکیورٹی ضمانتیں دے، زیلنسکی نے مطالبہ دوہرا دیا

Published On 08 January,2026 04:50 am

کیف: (دنیا نیوز) یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ بندی ہونے پر امریکا یوکرین کو 15 سال سے زائد کی سکیورٹی ضمانتیں دے۔

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کو 15 سال سے زیادہ عرصے پر محیط طویل المدتی سکیورٹی ضمانتیں فراہم کرنے کے معاملے پر فی الحال توقف اختیار کیا ہے، لیکن امید ہے کہ اگلی ملاقات کے بعد اس حوالے سے واضح جواب مل جائے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ سے گزشتہ ملاقات کے دوران یہ معاملہ اٹھایا تھا، اور یوکرین کیلئے مضبوط اور طویل المدتی سکیورٹی وعدوں کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

یوکرینی صدر نے امریکی صدر ٹرمپ سے ایک بار پھر ملاقات کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن مذاکرات میں سب سے مشکل 2 مسائل پر بات کرنا چاہتے ہیں، جن میں ڈونیسٹک علاقے کا مستقبل اور زاپوریز پا نیوکلیئر پاور پلانٹ کا کنٹرول شامل ہے۔

خیال رہے کہ طویل المدتی سکیورٹی ضمانتوں پر گفتگو ایک ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب یوکرین اور اس کے شراکت دار جنگ کے بعد سکیورٹی انتظامات پر مذاکرات کر رہے ہیں، جن میں کثیر القومی افواج، یورپی یونین کی حمایت یافتہ دفاعی وعدے، اور دو طرفہ ضمانتیں شامل ہیں۔

یوکرین کا ماننا ہے کہ مختصر المدت کی سکیورٹی ضمانتیں مستقبل میں روسی کارروائیوں کو روکنے کیلئے کافی نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ کیف اپنے اہم اتحادیوں پر طویل المدتی سکیورٹی وعدوں کیلئے دباؤ ڈال رہا ہے۔