ایران سے ڈیل کرنا آسان نہیں، کوشش کریں گے معاہدہ ہو جائے: امریکی وزیر خارجہ

ایران سے ڈیل کرنا آسان نہیں، کوشش کریں گے معاہدہ ہو جائے: امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ہنگری کے وزیراعظم کے ساتھ بوڈاپیسٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تہران کے ساتھ مذاکرات سے متعلق پیشگی اندازہ نہیں لگا سکتے، امریکی صدر ٹرمپ ہمیشہ پر امن اور مذاکراتی حل کو ترجیح دیتے ہیں۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ فریقین کے پاس موقع ہے کہ خدشات کو دور کریں، امریکی وزیر خارجہ سے ایران کے مؤقف کے بارے یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا مذاکرات کے ایجنڈے میں ایرانی میزائل پروگرام شامل نہیں اور کیا اگر اس میں میزائل پروگرام شامل نہ ہو تو ایران کے ساتھ ایسا جوہری معاہدہ آپ کے لئے قابل قبول ہو گا؟

امریکی وزیر خارجہ نے براہ راست جواب نہ دیتے ہوئے کہا کہ میں وقت سے پہلے فیصلہ نہیں کروں گا لیکن ہم کوشش کریں گے اور دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے، یہاں ایک موقع میسر ہے اور ہمارے مذاکراتکار (جنیوا کے) راستے میں ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ کامیاب ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سفارتی طور پر ایک ایسے معاہدے پر پہنچ سکتے ہیں کہ جو ان مسائل کو حل کرے کہ جو ہمارے لئے تشویش کا باعث ہیں۔