دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کے 28 برس مکمل، 2 مارچ کو عالمی تقریب منعقد ہوگی

دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کے 28 برس مکمل، 2 مارچ کو عالمی تقریب منعقد ہوگی

متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم و حکمران دبئی ہز ہائی نس شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی سرپرستی میں منعقد ہونے والا یہ ایوارڈ عالمِ اسلام میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ گزشتہ 28 برس سے خدمتِ قرآن اور قراء کرام کی حوصلہ افزائی کا عالمی پلیٹ فارم ہے، جس نے دنیا بھر میں قرآنی تعلیمات کے فروغ اور حسنِ قرأت کے معیار کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس سال عظیم اسلامی شخصیت کے طور پر ممتاز مصری قاری شیخ محمود خلیل الحصری کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے، وہ قرآنِ کریم کی مکمل اور مستند ریکارڈنگ کرنے والے اولین قراء میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی تلاوت آج بھی دنیا بھر میں عقیدت سے سنی جاتی ہے۔

ایوارڈ انتظامیہ کے مطابق دو ہزار چھبیس کے مقابلے کے لیے دنیا بھر سے منتخب چھ ممتاز قرآنی آوازیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ عوام کو آن لائن رائے شماری کے ذریعے اپنی پسندیدہ آواز منتخب کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، 2 مارچ کو منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں فاتحین کو اعزازات سے نوازا جائے گا اور قرآنِ کریم، اس کے قاریوں اور خدمت گزاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ نے گزشتہ دہائیوں میں نوجوان قراء کی تربیت، بین الاقوامی مذہبی ہم آہنگی اور اسلامی ثقافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔