متحدہ عرب امارات میں میزائل روکے جانے کے مناظر کی ویڈیوز بنانے والے افراد گرفتار

متحدہ عرب امارات میں میزائل روکے جانے کے مناظر کی ویڈیوز بنانے والے افراد گرفتار

اماراتی سرکاری میڈیا کے مطابق ان افراد نے متحدہ عرب امارات میں حملوں کی حقیقی فوٹیج کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ویڈیوز اور تصاویر بھی شائع کی ہیں، ان افراد کا تیز ٹرائل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ، ابوظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ملک پر حملوں کے دوران فلم بنانے اور غلط معلومات پھیلانے کے الزام میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 45 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک 60 سالہ برطانوی شخص پر دبئی کے سائبر کرائم قوانین کے تحت مبینہ طور پر شہر پر ایرانی میزائلوں کی فلم بندی کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

دبئی میں زیر حراست افراد کے لیے کام کرنے والی تنظیم ڈیٹینڈ ان دبئی کی چیف ایگزیکٹیو رادھا سٹرلنگ کا کہنا ہے کہ حالیہ میزائل حملوں سے متعلق ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے سائبر کرائم قوانین کے تحت اب تک 21 افراد پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔