خلاصہ
- کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ پورے خطے کی امن کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔
یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی نے افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے حقِ دفاع کی حمایت کردی۔
یورپی یونین نمائندہ خصوصی برائے افغانستان جِل برٹران نے آمو ٹی وی کو انٹریو میں کہنا تھا کہ یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ فتنہ الخوارج کے علاوہ متعدد عالمی دہشتگرد گروہ افغان سرزمین پر موجود ہیں، پاکستان ایسے حالات میں جب اسے دہشتگردی کی شدید کارروائیوں کا سامنا ہو، خاموش نہیں رہ سکتا۔
جِل برٹران نے کہا ہے کہ یورپی یونین داعشِ خراسان کو افغانستان سے جنم لینے والا سب سے بڑا عالمی دہشت گرد خطرہ سمجھتی ہے، جبکہ افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر روس، چین، امریکہ اور یورپی یونین اپنے خدشات کا اظہار کرچکے ہیں۔
ماہرین کےمطابق افغان سرزمین سے جنم لینے والی دہشتگردی کے خدشات پر یورپی یونین سمیت مختلف عالمی قوتیں مسلسل تشویش کا اظہار کرتی آرہی ہیں، پاکستان کے حقِ دفاع کی حمایت اس مؤقف کو تقویت دیتی ہے کہ دہشتگردی کے خلاف اقدامات کوعالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔