یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر برقرار، اموات 1500 سے متجاوز

یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر برقرار، اموات 1500 سے متجاوز

خبر ایجنسی کے مطابق شدید ہیٹ ویو کے باعث یورپ بھر میں اب تک تقریباً 1500 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں، جبکہ اسپتال گرمی سے متاثرہ مریضوں سے بھر گئے ہیں۔

فرانسیسی حکام کے مطابق فرانس میں گرمی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں زیادہ تر بزرگ افراد شامل ہیں، دوسری جانب اسپین میں ہیٹ ویو کے باعث 327 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق پولینڈ میں گرمی نے ایک صدی پرانا درجہ حرارت کا ریکارڈ توڑ دیا، جبکہ سربیا میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق تقریباً 15 کروڑ یورپی شہری شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ شدید گرمی کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، جبکہ البانیہ میں جنگلات میں لگنے والی آگ سے جھاڑیوں اور زیتون کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ہیٹ ویو نے بجلی کی پیداوار، بنیادی ڈھانچے اور صحت کے نظام پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں، جبکہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انسانی سرگرمیوں سے ہونے والی موسمیاتی تبدیلی نے اس شدید گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔