خلاصہ
- نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے دو معروف نیوز چینلز کے ہیک ہونے اور نشریات کے دوران پاکستانی قومی ترانہ نشر ہونے کے دعوے سامنے آئے ہیں، واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے ان دعوؤں کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
رپورٹس کے مطابق بھارت کے معروف نیوز چینلز ٹی وی 9 تیلگو اور فریڈم ٹی وی کنڑ کی نشریات مبینہ طور پر ہیک کر لی گئیں، دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی صدر کی تقریر کے دوران دونوں چینلز پر کچھ دیر کیلئے پاکستان کا قومی ترانہ نشر ہوا۔
اطلاعات کے مطابق ہیکرز کی جانب سے ایک پیغام بھی نشر کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر تنبیہ کی گئی کہ پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے۔
— Indus Sentinel Grid (@ISGofficial_) June 30, 2026
واقعے کے بعد دونوں چینلز کی نشریات متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں بھی گردش کرتی رہیں۔
رپورٹس کے مطابق ٹی وی 9 تیلگو کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ (14 ملین) جبکہ فریڈم ٹی وی کنڑ کے ایک ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں۔
سائبر سکیورٹی کے بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ واقعہ درست ثابت ہوتا ہے تو اس سے بھارتی میڈیا کے سائبر تحفظ کے نظام پر سوالات اٹھ سکتے ہیں، تاہم واقعے کی نوعیت، ذمہ دار عناصر اور ہیکنگ کی تفصیلات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اور حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔