خلاصہ
- انقرہ: (دنیا نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔
نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ ترکیہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے سرگرم عمل ہے،غزہ کی صورتحال پر خصوصی بات چیت ہوگی کیونکہ وہاں فوری جنگ بندی نہایت اہم ہے۔
رجب طیب اردوان نے امید ظاہر کی کہ نیٹو سربراہان اجلاس میں مثبت اور دانشمندانہ فیصلے کریں گے، جو عالمی امن اور استحکام کے لیے سودمند ثابت ہوں گے۔
ترک صدر نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایف-35 لڑاکا طیاروں کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، صدر ٹرمپ نے ترکیہ کو پانچ ایف-35 طیارے فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ نیٹو اجلاس کے دوران اس وعدے پر عملی پیش رفت ہوگی۔
اردوان نے کہا کہ ترکیہ پانچ ایف-35 لڑاکا طیارے خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے، جو دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔