خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا جلد آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھالے گا اور اس کی حفاظت کے عوض دنیا سے معاوضہ بھی وصول کرے گا۔
امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کا "محافظ" بننے جا رہا ہے، لہٰذا اس اہم آبی گزرگاہ کے تحفظ کے بدلے امریکا کو معاوضہ ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک انتہائی خوشحال ہیں، اس لیے انہیں یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ امریکا ان کے لیے یہ ذمہ داری مفت میں ادا کرے گا، آبنائے ہرمز کے تحفظ کی قیمت ادا کی جانی چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک معاہدہ طے پا چکا تھا، تاہم ایران نے اس کی خلاف ورزی کی، ان کا دعویٰ تھا کہ ایران کے ساتھ اب تک تقریباً دس معاہدے ہو چکے ہیں اور ہر بار ایرانی قیادت نے وعدہ خلافی کی، اسی لیے اب امریکا ان کے خلاف انتہائی سخت اقدامات کرے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ جنگ میں ایران کو "عبرت ناک شکست" کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ ایران کی بحری، فضائی اور میزائل صلاحیتیں تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔