دنیا
خلاصہ
- ٹوکیو: (دنیا نیوز) جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو میں گزشتہ روز آنے والے 7.1 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہوگئی، جبکہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
خبرایجنسی کے مطابق اب تک 9872 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 36 ہزار 700 گھروں کی بجلی منقطع ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کر 27 منٹ (پاکستانی وقت رات 12 بج کر 27 منٹ) پر کیوشو جزیرے کے اندرونی علاقے میں آیا۔
زلزلے کے بعد کوماموتو کے علاقے میں ایک شاپنگ مال میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں متعدد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں، ایک عینی شاہد کے مطابق عمارت کی دوسری منزل زمین بوس ہوگئی ہے۔
جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال میں پھنسے متعدد افراد کا ابھی تک سراغ نہیں لگایا جا سکا ہے، اس کے علاوہ ایک فیکٹری میں چمنی گرنے کے بعد وہاں بھی متعدد افراد کی تلاش جاری ہے۔