خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف نئی معاشی دباؤ کی مہم دراصل فوجی محاذ پر ناکامی کا بالواسطہ اعتراف ہے۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کہتے ہیں انہوں نے معاشی جنگ کا حکم دیا اور ایران کے خلاف سب سے شدید معاشی مہم شروع کی، یہ فوجی میدان میں دشمن کی ذلت آمیز شکست کا بالواسطہ اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکا فوجی محاذ پر کامیابی حاصل کر چکا ہوتا تو اسے معاشی جنگ کا سہارا لینے کی ضرورت پیش نہ آتی، ایران کے خلاف معاشی دباؤ کوئی نئی بات نہیں، مخالف ممالک گزشتہ 47 برس سے ایران کے خلاف معاشی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں اور معیشت کے تمام بڑے شعبوں پر پابندیاں عائد کرچکے ہیں۔
ترجمان پاسداران انقلاب نے کہا کہ ہم بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی جارحانہ اقدام کیلئے ہمارے پاس مختلف منصوبے موجود ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے مزید کہا کہ دشمن کی کارروائیوں میں سے ایک معاشی اقدامات اور معاشی جنگ ہے، ایران کے پاس دشمن کی معاشی جنگ کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی منصوبے موجود ہیں اور تہران دیگر ممالک کے ساتھ آسانی سے معاشی تعلقات قائم کر سکتا ہے۔