خلاصہ
- واشنگٹن:(دنیا نیوز) امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف نئی اور سخت معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایران کو سہارا دینے والی ہر معاشی لائف لائن کو منقطع کرنا ہے۔
میڈیا بریفنگ میں سکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ ایران سے اقتصادی اشتراک کرنے والے ممالک اور اداروں کو محدود مہلت دی جائے گی، جس کے بعد ایران کے ساتھ تعاون کرنے والوں کو امریکی کارروائی اور پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ اقتصادی روابط رکھنے والے ممالک کو اپنی سرزمین پر ایرانی بینکوں کی شاخیں بھی بند کرنا ہوں گی، انہوں نے واضح کیا کہ واشنگٹن ایران کی مالی اور تجارتی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے اپنے تمام دستیاب معاشی اختیارات استعمال کرے گا۔
امریکی وزیر خزانہ نے نئی مہم کو ایران کے خلاف ایک بڑے معاشی دباؤ کا حصہ قرار دیا ہے، امریکی حکام کے مطابق نئی پابندیوں میں ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے تیسرے ممالک اور مالیاتی اداروں پر بھی ثانوی پابندیوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے امریکی اقدامات کے اعلان کے بعد ایران نے بھی سخت ردعمل کی دھمکی دی ہے جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔