خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) سلامتی کونسل کے اجلاس میں روس اور چین نے ایران پر پابندیوں کی نگرانی سے متعلق امریکی قرارداد ویٹو کردی۔
سلامتی کونسل میں ایران پابندیوں کی نگرانی کمیٹی کی مدت بڑھانے کی قرارداد مسترد کردی، روس اور چین نے ایران کے خلاف سنیپ بیک میکانزم کی مخالفت کی۔
سلامتی کونسل کی ایک رپورٹ کے مطابق کونسل کے ان دونوں مستقل رکن ممالک نے اگست کے اواخر میں قرارداد کا متن پیش کیے جانے کے وقت ہی اس مسودے کی مخالفت کردی تھی۔
دونوں ممالک نے ایران کے خلاف بین الاقوامی پابندیاں بحال کرنے کے نام نہاد ’اسنیپ بیک میکانزم‘ پر اپنے شدید تحفظات اور مخالفت کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ 2015 کے ایران جوہری معاہدے جسے جوائنٹ کمپری ہینسو پلان آف ایکشن (JCPOA) بھی کہا جاتا ہےکے تحت تشکیل دیا گیا یہ میکانزم اس معاہدے کے کسی بھی فریق کو یہ اختیار دیتا ہے کہ اگر اسے یقین ہو کہ ایران معاہدے کی کسی شق کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو وہ پابندیوں کی بحالی کی اس شق کو نافذ کر سکتا ہے۔
تاہم روس اور چین نے یہ دلیل پیش کی کہ اسنیپ بیک میکانزم اب غیر مؤثر ہو چکا ہے کیونکہ جے سی پی او اے اور اقوام متحدہ کی قرارداد 2231 کی میعاد گزشتہ سال کے آخر میں ختم ہوچکی ہے۔