خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے یوکرین کو آئندہ سال مالی کے دوران معاشی استحکام برقرار رکھنے کیلئے درکار فنڈنگ کیلئے مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی نے آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کے بعد بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ آئندہ مالی سال یوکرین کی مالی ضروریات پوری کرنے میں معاونت کرے گا۔
یوکرین کو روس کے ساتھ جاری جنگ کے پانچویں سال میں داخل ہونے کے بعد 2026ء اور 2027ء کیلئے مالی وسائل کا حصول ایک اہم چیلنج درپیش ہے، یوکرینی حکام کے مطابق ملک کو آئندہ سال تقریباً 52 ارب 60 کروڑ ڈالر کی بین الاقوامی مالی امداد درکار ہے۔
صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روس صرف انسانی زندگیوں کو تباہ کرنے کی کوشش نہیں کر رہا بلکہ کاروباری اور ریاستی نظام کو زیادہ سے زیادہ متاثر کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔
اسی وجہ سے موجودہ صورتحال میں میکرو فنانشل معاونت یوکرین کیلئے خصوصی اہمیت رکھتی ہے، زیلنسکی نے آئی ایم ایف سربراہ کرسٹالینا جارجیوا کے ساتھ ملاقات کی ویڈیو بھی ٹیلی گرام پر جاری کی۔