خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کو تباہ کرنے سے متعلق امریکی صدر کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، تمام دباؤ کے باوجود عوام حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ میں یواین سے خطاب کے لیے اپنی تقریر ایران سے طے کر کے آیا تھا، اقوام متحدہ میں امریکی صدر کی تقریر سننے کے بعد اپنی تقریر میں کچھ تبدیلیاں کیں، امریکی صدر کی تقریر کے بعد تقریر میں اپنے مؤقف کو مزید سخت کیا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی کرتا ہے، ایران کو تباہ کرنے سے متعلق امریکی صدر کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، ایران کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔
یہ پڑھئے: ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر طاقت کی زبان قبول نہیں کرے گا: مسعود پزشکیان
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل غزہ میں نسل کشی کے ذمہ دار ہیں، ایران میں بھی رہبر اعلیٰ، کمانڈروں، سائنسدانوں، وزراء اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، حملے امریکا،اسرائیل کرتے ہیں جبکہ دہشتگرد ایران کو قرار دے دیا جاتا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ اجلاس میں ایرانی شرکت کا مقصد مذاکرات اور ایرانی عوام کے مؤقف کا دفاع کرنا ہے۔