دنیا
خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں ہاؤسنگ قرضوں کی شرح سود میں ایک ہفتے کے دوران چار سال کا سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے نئے گھر خریدنے کے خواہش مند افراد پر مالی دباؤ مزید بڑھ گیا۔
فریڈی میک کے مطابق 30 سالہ فکسڈ مارگیج کی اوسط شرح 7.03 فیصد سے بڑھ کر 7.28 فیصد ہوگئی، جو تین سال کی بلند ترین سطح ہے، مارگیج ریٹس میں مسلسل چھٹے ہفتے اضافہ ہوا ہے۔
شرح سود میں تیزی کی بڑی وجہ امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈ کی ییلڈ میں اضافہ ہے، امریکی معیشت کی توقعات سے بہتر نمو، مسلسل بلند مہنگائی اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے مزید شرح سود بڑھانے کی توقعات نے بانڈ ییلڈز اور مارگیج ریٹس کو اوپر دھکیلا ہے۔
بلند شرح سود کے باعث امریکی شہریوں کے لیے گھروں کی استطاعت اور قرض لینے کی طلب کمزور ہوئی ہے، جبکہ مارگیج ری فنانسنگ بھی دباؤ میں ہے۔
گزشتہ سات ماہ کے دوران 30 سالہ مارگیج ریٹ میں 1.2 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہے جس کے دوران ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد عالمی توانائی قیمتوں اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا۔