خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے چین سے ایران جنگ ختم کرانے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کر دی۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے صدر ٹرمپ کے کہنے پر چین سے رابطہ کیا، چین نے امریکی پیغام ایران تک پہنچا دیا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ سفارتی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں، وینس نے گزشتہ ماہ ایرانی سلامتی کے سربراہ محسن رضائی کو خط بھی ارسال کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی قیادت امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد واشنگٹن کی پالیسی میں تبدیلی کا جائزہ لے رہی ہے، صدر ٹرمپ نے ستمبر میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران بھی ایران معاملے پر مدد مانگی تھی۔
دوسری طرف امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ بات کر رہے ہیں، اور اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، ایران کے معاملے پر ہمیں بہت اچھے نتائج مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران کو بہت برے طریقے سے شکست دی، آبنائے ہرمز اس وقت مکمل طور پر کھلی ہے، ہم نے 6، 7 ماہ کے دوران اپنا کوئی فوجی نہیں کھویا۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے نہ روکا ہوتا تو آج اسرائیل اور پورا مشرق وسطیٰ موجود نہ ہوتے، کوئی اس بات کا اعتراف نہیں کرنا چاہتا لیکن سب جانتے ہیں کہ یہ سچ ہے۔