ایران کیخلاف جنگ میں فتح کے قریب، تہران کو موقع دے رہے ہیں: ٹرمپ

ایران کیخلاف جنگ میں فتح کے قریب، تہران کو موقع دے رہے ہیں: ٹرمپ

امریکی ریاست فلوریڈا میں تھینکس گیونگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ جنگ میں فتح کے وقت کا تعین ان کا اپنا فیصلہ ہوگا، سچ پوچھیں تو یہ فتح جب میں چاہوں گا تب حاصل ہو جائے گی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ نے ایران کے لیے مذاکرات کا راستہ اب بھی کھلا رکھا ہے، ہم نرمی برتنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں معاہدہ کرنے اور بہت سی جانیں بچانے کا پورا موقع دے رہے ہیں لیکن مجھے یقین نہیں کہ آیا وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے یا نہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ کچھ لوگ سوال کرتے ہیں کہ ایران معاہدہ کیوں نہیں کر رہا؟ کیا وہ پاگل ہیں؟ شاید وہ واقعی پاگل ہیں۔

مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ امریکا کے مستقبل کے تعلقات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کو مشرقِ وسطیٰ کے تیل کی ضرورت نہیں، ہمارے پاس کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تیل موجود ہے، ہمیں جس چیز کی ضرورت ہے وہ مشرقِ وسطیٰ میں امن ہے کیونکہ اس کے بغیر خطے میں شدید بے چینی اور عدم استحکام پیدا ہوگا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کی صورت میں ایران اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیار داغ سکتا تھا، جوہری تباہی برپا ہو سکتی ہے، اور وہ ہمارے شہروں کو بھی نشانہ بنا سکتے تھے۔

انہوں  نے دعویٰ کیا کہ ایرانی میزائل یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اگرچہ ایرانی میزائل امریکہ تک نہیں پہنچ سکتے، لیکن یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت ضرور رکھتے ہیں، اگر ہم مضبوط اور دانشمندانہ مؤقف اختیار نہ کرتے تو ایسا بھی ہو سکتا تھا۔