خلاصہ
- تہران: (ویب ڈیسک) کویت میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے بعد ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے اطالوی ہم منصب انتونیو تاجانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تہران کا موقف دہرایا کہ ایران کا کویت پر ڈرون حملے میں کوئی کردار نہیں، تہران اس واقعہ کے محرکات واضح کرنے اور اس کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے کویت اور اٹلی کی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
اٹلی نے کہا ہے کہ کویت میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے اس کے دو شہری فضائی دفاعی نظام پر کام کر رہے تھے۔
اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تایانی نے سینیٹ کو بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر دو بجے متعدد ایرانی ڈرونز نے کویت میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی دفاع کے ریڈار کا ایک مرکز بھی شامل تھا۔
اس مقام پر اطالوی اسلحہ ساز کمپنی رئنمیٹل کے دو اطالوی ماہرین کام کر رہے تھے جو حملے میں ہلاک ہو گئے۔
اس سے قبل کویت نے اعلان کیا تھا کہ اس کی مسلح افواج نے کئی حملہ آور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، ایرانی حملے میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔
کویتی وزارتِ دفاع کے مطابق ان ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کے دوران ایک کویتی شہری، دو اطالوی باشندوں اور ایک پاکستانی سمیت چار افراد ڈرون کے ملبے یا شیل کے ٹکڑوں کی زد میں آ کر زخمی ہوئے تھے۔