ابوظہبی ایئرپورٹ پر اسمارٹ کوریڈور متعارف، گیٹ سے گزرے بغیر پاسپورٹ کنٹرول کی سہولت

ابوظہبی ایئرپورٹ پر اسمارٹ کوریڈور متعارف، گیٹ سے گزرے بغیر پاسپورٹ کنٹرول کی سہولت

آئی سی پی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پورٹس سیکیورٹی کی جانب سے شروع کیا گیا یہ نظام جدید بائیومیٹرک ٹیکنالوجی کے ذریعے مسافروں کی شناخت کی تصدیق اور روانگی کے مراحل کو خودکار انداز میں مکمل کرتا ہے، اس اقدام کا مقصد ایئرپورٹ پر مسافروں کی نقل و حرکت کو آسان بنانا، انتظار کا وقت کم کرنا اور سفری سہولتوں کو بہتر بنانا ہے۔

اسمارٹ کوریڈور ایک واک تھرو نظام کے طور پر کام کرتا ہے، جس میں مسافروں کو معمول کے امیگریشن کاؤنٹر یا گیٹ پر رکے بغیر شناخت کی تصدیق اور روانگی کی کلیئرنس کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

حکام کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے مسافروں کی پروسیسنگ میں تیزی، آپریشنل کارکردگی میں بہتری اور روانگی کے مراحل میں درکار وقت اور محنت میں کمی آئی ہے۔

یہ سہولت زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کسی بھی ایئرلائن کے ذریعے بیرون ملک روانہ ہونے والے تمام زمروں کے مسافروں کیلئے دستیاب ہوگی، چاہے ان کی منزل کوئی بھی ہو، اس نظام کے ذریعے انفرادی مسافروں، خاندانوں اور گروپس کو یکساں سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔

مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سیکٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جمعہ عبداللہ الکعبی نے کہا کہ یو اے ای اسمارٹ کوریڈور ملک میں جدید ڈیجیٹل حکومتی نظام کی تشکیل، عوام پر مرکوز خدمات کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری طریقہ کار کو آسان بنانے کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔