2020ء کے پہلے روز 3 لاکھ 92 ہزار بچوں کی پیدائش

Last Updated On 01 January,2020 07:06 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) 2020ء کے پہلے روز کے دوران دنیا بھر میں 3 لاکھ 92 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی، اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 2019ء ختم جبکہ 2020 کا آغاز ہوگیا ہے، نئے سال کے پہلے روز دنیا بھر میں 3 لاکھ 92 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی۔ یہ اعداد و شمار اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے مطابق یکم جنوری 2020ء کو دنیا بھر میں 3 لاکھ 92 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی، اس فہرست میں بھارت پہلے نمبر پر ہے جہاں پر 17 فیصد بچوں کی پیدائش ہوئی۔ یہ تعداد 67 ہزار 385 بنتی ہے۔ دوسرے نمبر پر چین میں 46 ہزار 229، تیسرے نمبر پر نائیجیریا میں 26 ہزار 39 نومولود دنیا میں آئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان 16 ہزار 787 بچوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، انڈونیشیا13 ہزار 20 بچوں کے ساتھ پانچویں، امریکا 10 ہزار 452 بچوں کے ساتھ چھٹے، ڈیموکریٹک ری پبلک کانگو 10 ہزار 247 بچوں کے ساتھ ساتویں اور ایتھوپیا 8493 بچوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

یونیسیف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہنریٹا فور کا کہنا ہے کہ نیا سال اور ایک نئی دہائی کا آغاز ہماری امیدوں اور امنگوں ناصرف ہمارے مستقبل بلکہ ان لوگوں کے مستقبل پر روشنی ڈالنے کا موقع ہے جو ہمارے بعد دنیا میں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر جنوری میں کیلنڈر پلٹ جاتا ہے ہمیں ان تمام امکانات اور صلاحیتوں کی یاد دلائی جاتی ہے جن میں سے ہر ایک کی زندگی کے سفر کی نئی شروعات ہوتی ہے۔

یونیسف کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 25 لاکھ نوزائیدہ بچے ایک ماہ کی عمر تک پہنچنے سے پہلے ہی فوت ہوگئے تھے ان میں سے ایک تہائی زندگی کے پہلے دن ہی انتقال کرگئے تھے۔
 

Advertisement