دو ہفتوں تک جوش و خروش دکھائی دیا، پانچ کروڑ جھنڈے فروخت ہوئے شہر بھر میں سٹالز لگائے گئے ، عوام نے بھرپور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا
کراچی ( روزنامہ دنیا ) کراچی کے شہریوں نے ملک کی 70 ویں سالگرہ پر نئی تاریخ رقم کردی ۔ اس سال جشن آزادی کے حوالے سے 15 ارب روپے کی ریکارڈ خریداری کی گئی ۔ مجموعی طور پر پانچ کروڑ جھنڈے خریدے گئے ۔ دو ہفتوں کے دوران جشن آزادی سے متعلق خریداری جوش و خروش سے جاری رہی ۔ شہر میں ہزاروں پتھارے ، سٹال اور ٹھیلے لگائے گئے ۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا کہ گزشتہ برس شہریوں نے 10 ارب روپے کی خریداری کی تھی ، اس بار جوش و خروش بہت زیادہ تھا ، عوام نے وطن سے غیر معمولی محبت کا اظہار کیا ۔
ہر بڑی مارکیٹ اور محلے میں پرچم کُشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں اور رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے ۔ ہزاروں کیک کاٹے گئے اور بہت بڑے پیمانے پر مٹھائی تقسیم کی گئی ۔ پتھاروں اور سٹالز کے ذریعے بیچنے کے لیے بڑے بازاروں سے جھنڈوں ، ٹی شرٹس ، بیجز ، کیپس ، غباروں ، چوڑیوں ، ماسک ، جھنڈیوں ، آویزوں ، بنیانوں ، دوپٹوں ، ملّی نغموں کی سی ڈیز ، آتش بازی کے سامان ، فیس پینٹنگ کے سامان ، بچوں کی عینکوں ، کڑوں ، پھول پتیوں اور دیگر اشیاء کی خریداری کی گئی ۔ لوگوں نے مکانوں پر رنگین قمقموں کی جھالریں لگائیں ۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو سجایا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ 13 اگست کی رات عید الفطر کی چاند رات سے زیادہ پُر رونق تھی ۔ شہر بھر میں بھرپور گہما گہمی دکھائی دی ۔