تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافے اور روپے کی قیمت میں کمی کے باعث سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ صرف ایک ہفتے میں سونے کی قیمتوں میں پونے 3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور سونے کی فی تولہ قیمت 5 سال کے بعد پہلی بار 58 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 700 اور 600 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 58 ہزار 200 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 49 ہزار 885 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 20 روپے بڑھ کر 770 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 17.15 روپے بڑھ کر 660 روپے ہوگئی ہے۔
آل سندھ صراف ایسوسی ایشن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اگر روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو سونے کی قیمت 60 ہزار روپے تولہ سے بھی تجاوز کرسکتی ہے۔