دو ماہ کے دوران حکومت نے 82 کروڑ ڈالر کا قرض لیا

Last Updated On 01 October,2018 04:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بڑھتی ہوئی عالمی ادائیگیوں کے باعث 2 ماہ میں حکومت نے 82 کروڑ ڈالر کا قرض لیا۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی سے اگست کے دوران حکومت نے 82 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق دو ماہ میں چین سے 29 کروڑ 60 لاکھ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 20 کروڑ ڈالر کا قرض لیا گیا۔ رواں مالی سال حکومت کو 9 ارب ڈالر سے زائد کی بیرونی ادائیگیاں کرنی ہے، جس کے لیے حکومت 9 ارب 61 کروڑ ڈالر کے قرض لینے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

گزشتہ مالی سال حکومت نے 11 ارب 40 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ لیا تھا۔ اس وقت پاکستان پر کل واجب الادا بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، جو جی ڈی پی کے 31 فیصد کے برابر ہیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر قرض برائے قرض کی یہ روش جاری رہی تو مالی سال 19-2018 کے اختتام پر بیرونی قرضے 105 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کرجائیں گے۔