اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مسابقتی انڈیکس میں پاکستان کی کارکردگی مزید کمزور پڑ گئی۔ بھارت، سری لنکا، اور بنگلہ دیش بھی مسابقت کی دوڑ میں ہم سے آگے ہیں۔
ورلڈ اکنامک فورم نے عالمی مسابقتی انڈیکس رپورٹ 2018 جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ایک سال میں مزید ایک درجے نیچے چلا گیا ہے اور 140 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر 107 واں ہے جبکہ انڈیا 58، سری لنکا 85 اور بنگلہ دیش 103 پوزیشن پر ہے۔ مسابقتی انڈیکس میں بتایا گیا ہے کہ اداروں کی کارکردگی اور انسانی ترقی کے لحاظ سے پاکستان میں صورتحال بدتر ہے اس کے علاوہ ملک میں انفراسٹرکچر کا بھی فقدان ہے۔ لسٹ میں بہترین مسابقت کے ساتھ امریکہ کا پہلا جبکہ سنگاپور کا نمبر دوسرا ہے۔