صارفین کیلئے خوشخبری، حکومت نے ایل پی جی سستی کر دی

Last Updated On 30 November,2018 08:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اوگرا نے گھریلو ایل پی جی فی کلو چودہ روپے اور گھریلو سلنڈر ایک سو اکہتر روپے سستا کر دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق دسمبر کے مہینے کیلئے ہوگا، قیمتوں میں کمی کا نوٹی فیکشن جاری کر دیا گیا۔

اوگرا نے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا نوٹی فیکشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت گھریلو ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں چودہ روپے کمی کے بعد نئی قیمت ایک سو تیرہ روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے جو اس سے قبل ایک سو ستائیس روپے فی کلو تھی۔

اسی طرح اوگرا نے گیارہ اعشاریہ آٹھ کلو کا گھریلو سلنڈر ایک سو اکہتر روپے سستا کر دیا، جس کے بعد ایل پی جی سلنڈر کی قیمت پندرہ سو نو روپے سے کم کر کے تیرہ سو اڑتیس روپے مقرر کر دی گئی جبکہ کمرشل سلنڈر پانچ سو چھتیس روپے سستا کر دیا گیا جس کے بعد کمرشل سلنڈر چار ہزار آٹھ سو روپے میں دستیاب ہو گا۔

حکام کے مطابق عالمی منڈی میں ایل پی جی کی قیمتوں میں ایک سو چار ڈالر فی میٹرک ٹن کمی کے باعث اوگرا نے قیمتوں میں کمی کی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق دسمبر کے مہینے کیلئے ہو گا۔