کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک میں ڈالر دوران ٹریڈنگ تاریخ کی بلند ترین سطح 142 روپے کو چھو گیا، مگر مرکزی بینک کی مداخلت سے ڈالر 138 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر 8 روپے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح 142 روپے پر ٹریڈ کرنے لگا، ذرائع کے مطابق ڈالر کی بڑھتی قیمت کو دیکھتے ہوئے سٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں سے رابطے کر کے صرف حقیقی خریداروں کو ڈالر فروخت کرنے کے احکامات جاری کیے، جس سے ڈالر 142 روپے سے نیچے آکر 138 روپے 50 پیسے کا ہوگیا، مگر ڈالر جمعرات کے حساب سے اب بھی ساڑے 4 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق تجارتی خسارہ اور قرض و سود کی ادائیگیوں کے باعث ہر ہفتے زرمبادلہ کے ذخائر میں اوسط 200 ملین ڈالر کی کمی ہو رہی ہے، موجودہ معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے امپوٹرز ڈالر کی بڑھ چڑھ کر خریداری کر رہے ہیں۔