کراچی: (دنیا نیوز) 24 گھنٹے میں حکومت کے عوام پر پہ در پہ وار، پٹرول اور بجلی کے بعد ایل پی جی بھی 9 روپے فی کلو مہنگی کر دی گئی۔ اوگرا نے قدرتی گیس مہنگی کرنے کی سمری بھی پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی۔ قدرتی گیس مہنگی ہونے سے صارفین پر 75 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو سلنڈر 95 روپے مہنگا ہونے سے اب 1522 روپے میں دستیاب ہو گا۔ دوسری جانب اوگرا نے سوئی نادرن کے لیے گیس کی قیمت میں 120 روپے جبکہ سوئی سدرن کے لیے 69 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی سمری حکومت کو ارسال کردی۔
گیس قیمتوں کی منظوری سے سوئی نادرن کے صارفین سے 50 ارب روپے جبکہ سوئی سدرن کے صارفین سے 25 ارب روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق کمپنیوں نے روپے کی قدر میں کمی اور نقصانات سمیت دیگر عوامل کی بنیاد پر نظرثانی پٹیشن دائر کی تھی جس پر اوگرا نے فیصلہ کرتے ہوئے گیس کی قیمتوں مزید اضافہ تجویز کیا ہے۔
حکومت نے گزشتہ سال نومبر میں بھی گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ 143 فیصد تک اضافہ کیا تھا اور اب ایک بار پھر گیس کمپنیوں کی نا اہلی کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی تیاری کر لی گئی ہے۔