اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے کوئی جارحیت کی تو پاکستان جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، امریکی سوچ میں بتدریج تبدیلی آئی ہے، صدر ٹرمپ اورعمران خان کی ملاقات ہو سکتی ہے جبکہ ترک صدر بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کی گیدڑ بھبکیوں پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوٹوک جواب دیتے ہوئے بھارت کو کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنے کا مشورہ دیدیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کی قیادت غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرے، ورنہ خطے کا امن خطرے میں پڑسکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ طالبان کیساتھ ابوظہبی میں مذاکرات کر سکتا ہے، افغان امن عمل میں قطر کے کردار کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔