اسلام آباد: (دنیا نیوز) بغاوت کی کارروائی کے لیے درخواست پر شاہد خاقان عباسی اور صحافی سرل المیڈا لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر نواز شریف کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنایا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف غداری کی کارروائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ درخواستگزار کے مطابق نواز شریف نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا جو غداری کے زمرے میں آتا ہے، شاہد خاقان عباسی نے نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس کی کارروائی نواز شریف کو بتا کر حلف کی پاسداری نہیں کی۔
فل بنچ کے روبرو شاہد خاقان عباسی اور سرل المیڈ پیش ہوئے۔ نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرائی گئی جس پر بنچ کے سربراہ نے باور کرایا کہ درخواست کے ساتھ بیان حلفی نہیں دیا گیا۔ نواز شریف نے وکیل نے درخواست کیساتھ بیان حلفی دینے کی یقین دہانی کرائی۔ عدالت نے سابق وزرائے اعظم کیخلاف درخواست پر کارروائی 19 نومبر تک ملتوی کر دی۔