پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 27 فیصد کمی

Last Updated On 05 March,2019 04:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 27 فیصد کمی ہو گئی، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے مطابق آٹھ ماہ کے دوران 1 کروڑ 21 لاکھ ٹن پیٹرولیم مصنوعات استعمال ہوئیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں کمی کا رجحان جاری ہے، آئل کمپنز ایڈوائزری کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران 1 کروڑ 21 لاکھ ٹن پیٹرولیم مصنوعات فروخت ہوئیں۔

ہائی سپیڈ ڈیزل کا استعمال 20 فیصد کمی کے بعد 48 لاکھ 30 ہزار ٹن، فرنس آئل کی کھپت 60 فیصد کمی کے بعد 19 لاکھ 86 ہزار ٹن اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال 45 فیصد کم ہو گیا۔

تاہم پیٹرول کی کھپت میں کوئی ردو بدل نہیں دیکھا گیا اور آٹھ ماہ کے دوران 48 لاکھ 78 ہزار ٹن پیٹرول استعمال ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق معاشی سست روی کے باعث صنعتی ترقی اور عوام کی قوت خرید میں کمی واقع ہو رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں بھی کمی ریکارڈ ہوئی۔