نئے کرنسی نوٹوں کے حصول کیلئے عوام کو اس بار بھی مشکلات کا سامنا

Last Updated On 27 May,2019 03:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک ہر سال عید کے موقع پر اربوں روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کرتا ہے لیکن ہر سال اور اس بار بھی عوام کو نئے نوٹوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث انہیں مارکیٹ سے زائد پیسے دیکر نئے نوٹوں کی گڈیاں خریدنی پڑتی ہیں۔

بولٹن مارکیٹ پر قائم سٹیٹ بینک کی اس عمارت کے عین نیچے نئے نوٹوں کی زاید قیمت پر فروخت کا غیر قانونی کاروبار کھلے عام جاری ہے۔ سٹیٹ بینک نے عید کے موقع پرعوام کو نئے نوٹوں کی بینکوں کے زریعے فراہمی کے لیے ایس ایم ایس سروس بھی شروع کی لیکن وہ بھی ناکافی ثابت ہوئی۔

عوام نے سوال اٹھایا ہے کہ سٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں سے تو نئے نوٹ ملتے نہیں لیکن فٹ پاتھ پر سٹالز لگائے ان لوگوں کے پاس کہاں سے آجاتے ہیں۔ ان سٹالز پر 10، 20، 50 اور سو روپے کی ایک گڈی پر ڈیڑھ سو سے ڈھائی سو روپے تک اضافی وصول کیے جارہے ہیں۔

نئے کرنسی نوٹوں کی فروخت کا یہ غیر قانونی کاروبار عرصہ دراز سے جاری ہے اور نہ جانے کب تک جاری رہیگا۔