مریم نواز کے پارٹی عہدے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

Last Updated On 27 May,2019 11:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے مریم نواز کے پارٹی عہدے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی، تحریک انصاف کی درخواست پر مریم نواز کو 17 جون کے لئے نوٹس جاری کر دیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ جولائی 2018ء میں احتساب عدالت نے مریم نواز کو مجرم قرار دیا، قانون کے مطابق مریم نواز پارٹی کا عہدہ نہیں رکھ سکتیں، احتساب عدالت کے فیصلے پر سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی عہدہ سے نااہل کیا۔

پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم پاکستان کے جمہوری نظام کو تقویت دینا چاہتے ہیں، نہیں چاہتے جس کو عدالت نے مجرم قرار دیا ہو وہ جمہوری نظام کا حصہ بنے، مریم نواز جو پاکستان کے اداروں اور عدالت کے خلاف رویہ اختیار کرتی ہے وہ اہل نہیں ہے کہ وہ کوئی عہدہ رکھے۔