لاہور: (دنیا نیوز) صمصام بخاری نے کہا ہے کہ جو ملک دشمنی کرے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی، محسن داوڑ اور علی وزیر کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے بلاول اور مریم نواز کے بیان کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا بلاول سے سوال ایڈز کا ہوا مگر وہ جواب محسن داوڑ کا دے رہے تھے، لاڑکانہ میں ایڈز کے کیسز پاکستان کیلئے لمحہ فکریہ ہے، مریم نواز نے ان کے حق میں ٹویٹ کیا جس نے پاک فوج پر حملہ کیا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ اندر سے ایک ہے، یہ دونوں پارٹیاں اپنی کرپشن بچانا چاہتی ہے۔
صمصام بخاری کا کہنا تھا سیاست کی ہر کسی کو اجازت ہے لیکن سیاست پاکستان کی دشمنی میں نہیں ہونی چاہیئے، فوج اور حکومت جدا نہیں، فوج حکومت کا ایک ادارہ ہے، ہمارا کام ہے شرپسندوں کو بے نقاب کرنا ہے جو رہتے یہی ہیں لیکن زبان دشمن کی بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کیساتھ مذاکرات کشمیر کے بغیر ممکن نہیں، بھارت اگر بات کرنا چاہتا ہے تو ہم تیار ہے۔