اسلام آباد: (دنیا نیوز) مراد سعید نے کہا کہ کچھ لوگ کل فوج پر حملہ آور ہوئے، ایوان کے ایک رکن نے اشتعال دلایا، محسن داوڑ ڈرون حملوں کی حمایت کرتا رہا، ایوان میں آکر بات کریں، نون لیگ اور پیپلز پارٹی نے قبائلی اضلاع میں بحالی کی ذمہ داری پوری کیوں نہیں کی ؟۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کل کچھ لوگ پاک فوج کے چوکیوں پر حملہ آور ہوئے، واقعے پر ایوان کے رکن نے لوگوں کو اشتعال دلایا، ٹیلی فون کیا گیا کہ دھرنا ختم نہیں کرنا، اسلحہ کے ساتھ حملہ کریں۔ انہوں نے کہا ہم نے 15 سال دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا گیا، وزیرستان میں آپریشن ہوا تو کس کی حکومت تھی ؟۔
مراد سعید کا کہنا تھا نقیب اللہ محسود کو شہید کیا گیا، راؤ انوار کس کا بہادر بچہ تھا ؟ قبائلی بھائیوں کیلئے سب سے زیادہ میں اور میرا لیڈر بولا، چارسدہ حملے میں افغان سم استعمال ہوئی، افغانستان میں را اور این ڈی ایس کا گٹھ جوڑ ہے۔ انہوں نے کہا غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم نے روز جنازے دیکھے، یہ لوگ اداروں کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں، کل جو واقعہ ہوا اس کی فوٹیجز موجود ہیں، کس نے مظاہرین کو ٹیلیفون کیا، چیک پوسٹ پر حملہ کس نے کیا ؟ ان دو افراد نے بھی پاکستان سے وفاداری کا حلف اٹھایا ہے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے مزید کہا کہ محسن داوڑ سے ایک سوال کرتا ہوں، شہریار آفریدی جب وزیرداخلہ تھے تب طاہر داوڑ کی شہادت ہوئی، جب ہم میت لینے گئے تو کہا گیا میت محسن واوڑ کو دیںگے، محسن داوڑ ایوان میں آکر جواب دیں ورنہ میں سب بول دوں گا، کس طرح قومیت کا نعرہ لگا کر لوگوں کو بھڑکایا جاسکتا ہے، ان لوگوں نے آئین پاکستان کو توڑا ہے۔