پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ٹیکس ادا نہ کرنے والے کاروباریوں سے نمٹنے کے انتظامات مکمل، اب موقع پر ہی رجسٹریشن کی جائے گی۔ ایف بی آر نے سولہ ٹیمیں تشکیل دے کر میدان میں اتار دیا، شہری کہتے ہیں بڑی شخصیات پر کیوں ہاتھ نہیں ڈالا جاتا۔
خیبر پختونخوا کے عوام ہو جائیں ہوشیار، جس نے ابھی تک اپنا کاروبار ٹیکس نیٹ میں رجسٹر ڈ نہیں کروایا اب موقع پر ہی رجسٹرکیا جائے گا۔ ایف بی آر نے ٹیکس نیٹ سے باہر کاروباریوں سے نمٹنے کیلئے کمرکس لی۔
ایمنسٹی سکیم کا وقت ختم ہونے کے بعد خیبر پختونخوا ایف بی آر حرکت میں آ گیا۔ ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر کے مطابق صوبے بھر میں سولہ ٹیمیں بنا کر انہیں ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں ہیں جو مقرر کردہ علاقوں میں دورہ کر کے غیر رجسٹرڈ افراد کو موقع پر ہی ٹیکس نیٹ میں شامل کریں گی۔
دوسری جانب پشاورکے عوام نے چھوٹے کاروباری افراد پر ٹیکس کا بوجھ بڑھانے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑی مچھلیوں سے پیسے کیوں نہیں وصول کیے جا رہے۔
ایف بی آر کی جانب سے بنائی جانے والی ٹیموں کی سربراہی اسسٹنٹ اور ڈپٹی کمشنر سطح کے افسران کریں گے جبکہ ٹیم کو پولیس کی بھی مدد حاصل ہو گی۔
خیبر پختونخوا میں عوام ٹیکس تو دینے کو تیار ہیں تاہم طریقہ کار پیچیدہ اور سمجھ بوجھ نہ ہونے کے باعث تاحال ایف بی آر میں رجسٹریشن سے خائف ہیں۔