اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی کی جانب سے بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی تھی۔
دارو خان اچکزئی نے مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے درخواست کی تھی کہ وہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 30 ستمبر 2019ء سے 31 اکتوبر 2019ء تک بڑھا دیں۔
صدر ایف پی سی سی آئی انجینئر دارو خان اچکزئی نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے ممبران بہت سی وجوہات کی بنا پر انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروا سکے، ان وجوہات میں ٹیکس کی دفعات میں تبدیلی، تجارتی سرگرمیوں میں کمی اور ممبر ٹریڈ باڈیز کے انتخابات اور حالیہ بارشیں شامل ہیں۔