فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بے نامی جائیدادوں کا سراغ لگانے کیلئے کریک ڈاون کا آغاز کر دیا گیا۔ ایف بی آر میں خصوصی ڈیسک قائم کرکے فوکل پرسن تعینات کر دیئے گئے۔ کمشنر انکم ٹیکس اور ڈویژنل کمشنر بے نامی جائیدادوں کا سراغ لگانے میں ٘متحد ہوگئے۔
فیصل آباد ڈویژن میں بے نامی، مشتبہ اور فرضی جائیدادوں کا سراغ لگانے کیلئے ایف بی آر کی جانب سے اقدامات شروع کر دیئے گئے۔ ریجنل ٹیکس آفس میں خصوصی ڈیسک قائم کرکے فوکل پرسن بے نامی جائیداد مقرر کر دیا گیا، شہری اس مہم کو سراہتے ہوئے جائیدادوں کے سراغ میں تیزی لانے اور نتیجہ خیز اقدامات کا مطالبہ کررہے ہیں۔
فرضی جائیدادوں کا سراغ لگانے کیلئے کمشنر انکم ٹیکس اور ڈویژنل کمشنر نے سر جوڑ لئے، چاروں ماتحت اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ریونیو افسران سمیت متعلقہ اداروں کو ٹارگٹ سونپ دیئے گئے۔ ایف بی آر کمشنر کہتے ہیں کہ بے نامی جائیدادوں کے کیسز متعلقہ ٹریبیونل کو ارسال ہونگے جہاں پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔