لاہور: (دنیا نیوز) ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے لیسکو اور ایف بی آر کو بجلی کے بلوں میں انکم ٹیکس کی وصولی سے روک دیا، عدالت نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے لیسکو اور ایف بی آر سے جواب طلب کر لیا۔
ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے بڑی خبر، لاہور ہائیکورٹ نے لیسکو اور ایف بی آر کو بجلی کے بلوں میں انکم ٹیکس کی وصولی سے روک دیا۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے یاسر اکرم کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر اسلم شیخ اور ملک بشیر احمد ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے۔
درخواست گزار کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ کمرشل صارفین سے سیکشن 235 بی کے تحت ماہانہ بلوں میں انکم ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، قانون کے تحت زیرو ریٹڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری سے انکم ٹیکس ماہانہ بلوں میں وصول نہیں کیا جا سکتا۔
درخواست گزارکے وکلاء نے استدعا کی کہ عدالت لیسکو اور ایف بی آر کو انکم ٹیکس وصولی سے روکے، عدالت نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے لیسکو اور ایف بی آر کو بجلی کے بلوں میں انکم ٹیکس وصولی سے روک دیا۔ عدالت نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے لیسکو اور ایف بی آر سے جواب طلب کر لیا ہے۔