کراچی: (دنیا نیوز) ایف بی آر کراچی نے بجلی گیس کے کمرشل اور صنعتی صارفین کا ڈیٹا حاصل کرلیا، تمام نان فائلر صارفین کو نوٹسز بھیجنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
ایف بی آر کراچی نان فائلرز کی کھوج میں سرگرم، بڑا ڈیٹا حاصل کر لیا۔ ذرائع کے مطابق تمام تر معلومات بجلی، گیس کے کمرشل اور صنعتی صارفین کی اکھٹی کی گئی ہیں۔ کراچی میں 6 لاکھ سے زائد کمرشل اور 29 ہزار 384 صنعتی صارفین نان فائلرز ہیں۔ معلومات حاصل ہونے کے بعد ایف بی آر نے زون کے حساب سے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
گذشتہ ماہ ایف بی آر نے وزارت توانائی کو ایک خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اب بجلی اور گیس کے نئے کنکشن صرف فائلرز کو ہی دیئے جائیں جس کے بعد یہ سوال اٹھا کہ پرانے کنکشن والوں کا کیا ہوگا۔ معاملے پر ایف بی آر نے ایس ایس جی سی اور کے الیکٹرک سے کمرشل اور صنعتی صارفین کا ڈیٹا طلب کیا تھا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب تمام نان فائلر صنعتی اور کمرشل صارفین کو نوٹسسز جاری کیے جائیں گے۔