اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر نے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے کمرشل میٹر صارفین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ صارفین کا ڈیٹا حاصل کر لیا۔
ایف بی آر نے تمام ڈسکوز کے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ صارفین کی معلومات جاری کر دیں، محکمے نے غیر رجسٹرڈ گھریلو، ٹیوب ویل، کمرشل، انڈسٹریل میٹر صارفین کا ڈیٹا اکٹھا کیا جس میں تمام ڈسکوز میں غیر رجسٹرڈ صارفین کی تعداد رجسٹرڈ افراد سے زیادہ نکلی۔
تمام ڈسکوز میں غیر رجسٹرڈ گھریلو میٹر صارفین کی تعداد دو کروڑ چھتیس لاکھ پچیس ہزار سے زائد ہے اور غیر رجسٹرڈ کمرشل میٹر صارفین کی تعداد پچیس لاکھ تئیس ہزار سے زیادہ ہے۔ انڈسٹریل اور ٹیوب ویل غیر رجسٹرڈ میٹر صارفین کی تعداد پانچ لاکھ چھپن ہزار ہے، غیر رجسٹرڈ کمرشل میٹر صارفین کے کنکشنز منقطع اور بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔
ذرائع ایف بی آرکا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے کمرشل میٹر رکھنے والوں کو ایمنسٹی سے پہلے نوٹسز بھی بھیجے گئے تھے۔ چیئرمین ایف بی آر کے مطابق ایمنسٹی سکیم آخری موقع تھا، جنہوں نے استفادہ نہیں کیا انہیں نہیں چھوڑا جائے گا۔ انکم ٹیکس آرڈینینس 2001 کے تحت کمرشل گیس اور بجلی کے صارفین کا ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ میں ہونا ضروری ہے۔