اسلام آباد: (دنیا نیوز) درآمدی سامان بیچنے والے دکاندار مال تجارت کی دستاویزات تیار رکھیں، سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف بی آر کی ٹیم یکم ستمبر سے مارکیٹوں کا سروے شروع کر رہی ہے۔
ایف بی آر کے جاری اعلامیے کے مطابق اس کے نمائندے آئندہ ماہ سے ملک کے مختلف شہروں میں مارکیٹوں کاسروے کریں گے اور مال تجارت کے درآمدی دستاویزات کی جانچ پڑتال کریں گے۔
ایف بی آر کے مطابق دستاویزات موقع پر نہ ہونے کی صورت میں دکانداروں کو ڈاکومنٹس جمع کرانے کا مناسب وقت دیا جائے گا۔
اس مہم کی نگرانی کے لیے ممبر کسٹمز اور ممبر ان لینڈ ریونیو کو ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ آزمائشی طور پر شروع کیا گیا ہے اور اسے قطعی طور پر ادارے کی جانب سے ریڈ یا چھاپا نہ سمجھا جائے۔
ٹیکس جمع کرنے والے ادارے نے دکانداروں سے اس مہم میں تعاون کی درخواست کی ہے۔
سروے کے دوران ٹیم کی جانب سے کسی بھی قسم کے ناروا سلوک ہونے کی شکایت ٹریڈرز فوری ہیلپ لائن پر درج کرائیں۔