اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) رواں مالی سال کے لیے ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے موبائل ایپ لانچ کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا۔
ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن ایپ آئندہ ہفتے متعارف کروائی جائے گی، جس کی مدد سے کاروباری شخصیات اور تنخواہ دار افراد اپنے ٹیکس ریٹرن جمع کروا سکتے ہیں۔
تنخواہ دار افراد، انفرادی شخصیات اور ایسوسی ایشنز کے لیے سال 2019ء کے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے لیے الیکٹرونک فارم ایف بی آر کی ویب سائٹ پر چند ضروری ترامیم کے ساتھ جلد جاری کردیا جائے گا جبکہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2019ء ہے۔
ایف بی آر کے ترجمان اور ممبر پالیسی ان لینڈ ریونیو حامد عتیق نے کہا ہے کہ ٹیکس آسان موبائل میں ایک نیا آئکن بنایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ موبائل ایپ ای ریٹرنز فائل کرنے میں ٹیکس دہندگان کی مدد کرے گی۔