اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور جرمنی کے مابین پن بجلی اور رینیو ایبل توانائی فیز 2 پراجیکٹ کیلئے مالی اعانت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
پن بجلی اور رینیو ایبل توانائی کے لئے مالی اعانت کی لاگت 12.5 ملین یورو ہے۔ یہ معاہدہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن حماد اظہر کی زیر نگرانی طے پایا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ کے ایف ڈبلیو، حکومت گلگت بلتستان اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کو گرانٹ فراہم کرنے پر ہم جرمن حکومت کے شکر گزار ہیں۔ یہ پراجیکٹ گرین انرجی فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت ہنزہ اور نانگا پربت جیسے علاقوں میں معیار زندگی بہتر ہوگا۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کو اس وقت ترقی کی ضرورت ہے۔
کنٹری ڈائریکٹر جرمن ڈیویلپمنٹ بینک ولف گینگ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمیں آف گریڈ علاقوں کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے۔ ان علاقوں میں بجلی کے آنے سے کاروبار، سیاحت اور تعلیم کے مواقع پیدا ہوں گے۔