الیکٹرک کاروں پر سبسڈی میں اضافہ

Last Updated On 06 November,2019 05:16 pm

برلن: (ویب ڈیسک) جرمن حکومت اور ملکی کار ساز صنعت کے مابین الیکٹرک کاروں کی خریداری پر دی جانے والی مشترکہ مالی اعانت بڑھانے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے جس کے بعد منصوبے کی مدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن حکومت اور کار ساز صنعت نے الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری پر مشترکہ مالی اعانت بڑھانے کا اعلان اسی دن کیا ہے، جب جرمن کار ساز ادارے فوکس واگن نے نئی الیکڑک کاروں کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت اور آٹو موبائل انڈسٹری کے مابین یہ اتفاق رائے پیر چار نومبر کی شام برلن میں ہونے والی کار سمٹ‘ میں سامنے آیا۔ اجلاس ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں بلایا گیا تھا۔

اس نئے معاہدے کے تحت 40 ہزار یورو (تقریباً 75 لاکھ روپے) سے کم قیمت کی الیکٹرک کار حکومتی سبسڈی کو بڑھا کر چھ ہزار یورو (تقریباً ساڑھے 10 لاکھ روپے) کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں یہ چار ہزار یورو (تقریباً ساڑھے 6 لاکھ روپے) تھی ۔اسی طرح اسی قیمت کی ہائبرڈ کار پر اب تین ہزار یورو کے بجائے ساڑھے چار ہزار یورو کی سبسڈی دی جائے گی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اسی طرح چالیس ہزار یورو سے زیادہ قیمت کی کار پر دی جانے والی سبسڈی میں پچیس فیصد تک کا اضافہ کیا جائے گا جبکہ ساٹھ ہزار یورو سے زائد کی گاڑیاں اس منصوبے میں شامل نہیں کی گئی ہیں یعنی ان پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

سبسڈی کی یہ تمام رقوم حکومت اور کار ساز صنعت مل کر برداشت کریں گے۔ اسی طرح رعایت دینے کی اس اسکیم کی مدت 2020ء سے بڑھا کر 2025ء تک کر دی گئی ہے۔

الیکٹرک گاڑیوں کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے کو وسیع کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ اس کا مطلب ہی ہے کہ چارجنگ سٹیشنز کی تعداد میں اضافہ وغیرہ۔ حکومت کے مطابق اس مقصد کے لیے ساڑھے تین ارب یورو خرچ کرے گی۔

اعلان کے مطابق 2022ء تک مزید 50 ہزار چارجنگ سٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔ آج کل تعداد اکیس ہزار ہے۔ اسی طرح 2030ء تک حکومت ایسے اسٹیشنز کی تعداد ایک ملین تک کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

فوکس واگن نے ایک الیکٹرک کار کی تیاری شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ گاڑی 2021ء سے مارکیٹ میں دستیاب ہو گی اور اسے مشرقی جرمن شہر سوِکاّؤ کے پلانٹ میں تیار کیا جائے گا۔ فوکس واگن کے مطابق ہر سال تین لاکھ تیس ہزار تک کاریں بنائی جائیں گی۔

Advertisement