پنجاب میں رواں سال بھی گندم کے پیداواری ہدف کا حصول مشکل

Last Updated On 23 January,2020 08:56 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں مقررہ ہدف سے چونتیس لاکھ ایکڑ کم رقبے پر گندم کاشت کی گئی ہے جس کی وجہ سے محکمہ زراعت کے لیے رواں سال بھی گندم کا پیدواری ہدف حاصل کرنا مشکل ہے۔

محکمہ زراعت نے پنجاب میں رواں سال گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ 96 لاکھ ایکڑ رقبہ مقرر کیا لیکن ڈیزل، بجلی، کھاد کی قیمتوں میں اضافے اور نہری پانی کی کمی کے باعث کاشتکاروں نے مقرہ ہدف سے چونتیس لاکھ ایکڑ رقبہ کم کاشت کیا ہے جس سے گندم کا پیداواری ہدف پورا کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

صوبائی وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ کاشتکاروں کو معاشی مسائل کا سامنا ہے اسی لیے رواں سال ایک کروڑ باسٹھ لاکھ ایکڑ رقبے پر ہی گندم کاشت کی گئی ہے تاہم آئندہ سال پانی کی قلت اور دیگر مسائل کو حل کر کے مقررہ ہدف ضرور حاصل کر لیں گے۔

گندم پر مختلف جڑی بوٹیوں کا حملہ شروع گیا ہے جبکہ موجودہ صورتحال میں فصل کو ٹڈی دل سے بھی خطرہ ہے لیکن اس کے باوجود محکمہ زراعت نے فصل کو بچانے کیلئے تا حال سنجیدہ اقدامات نہیں کئے۔