ڈالرمزید مہنگا، تین روز کے دوران انٹر بینک میں 4 روپے 17 پیسے قیمت بڑھ گئی

Last Updated On 11 March,2020 04:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رواں ہفتے کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کو ایک مرتبہ پھر پر لگنے لگے، تین روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی کرنسی 4 روپے 17 پیسے مہنگی ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر بالترتیب 1 روپے اور 97 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر آج ایک روپیہ مہنگا ہوا، جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 158 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ تین روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3 روپے 70 پیسے بڑھ گئی ہے۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ کی طرح انٹر بینک میں امریکی ڈالر 97 پیسے مہنگا ہوا ہے، انٹربینک میں امریکی ڈالر 158 روپے 42 پیسے کی سطح پر پہنچ کربند ہا جبکہ تین کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں ڈالر 4 روپے 17 پیسے مہنگا ہوا۔