کراچی: (ویب ڈیسک) گزشتہ ہفتے بھر کے دوران ایکسچینج ریٹ مستحکم رہا اور ملک میں ڈالر کے کاروبار میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بینکوں میں ڈپوزٹ کرنے کی وجہ سے انٹربینک مارکیٹ میں اضافی ڈالر آ رہے ہیں، اس کیساتھ ساتھ درآمدات کے بل میں انتہائی کمی کے سبب ڈالر کے بہاؤ میں بھی کمی آئی ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے ریٹ 154 سے 155 روپے کے درمیان ہے۔
ایکسچینج ریٹ میں یہ استحکام درآمدات کے بل میں کمی، مختلف ذرائع سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور موقع کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو صفر پر لانے کی پالیسی میں تبدیلی کے سبب ممکن ہو سکا۔
ترسیلات زر بھی ڈالر کی آمدن کا ایک بڑا ذریعہ ہیں جس سے ایکسچینج ریٹ کو انتہائی ضروری استحکام میسر آیا اور گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اس مالی سال کے پہلے حصے میں غیرملکی پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقوم میں 31.31 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔