اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں امریکا، چین، جرمنی اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک کے لیے برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، رواں مالی سال میں ریڈی میڈ گارمنٹس چاول اور سبزیوں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ۔
وزارت تجارت کی دستاویز کےمطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران متحدہ عرب امارات کے لیے برآمدات میں 54 فیصد اضافہ ہوا جولائی تافروری یو اے ای کے لیے برآمدات کا حجم 80کروڑ60لاکھ ڈالر رہا اسی عرصے میں امریکہ کے لیے برآمدات چار فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب 69کروڑ ڈالر رہیں۔
آٹھ ماہ کے دوران یمن کے لیے برآمدات میں 96، ملائیشیا کے لیے 49، سعودی عرب کے لیے 38، تھائی لینڈ کے لیے 44 ،اومان کے لیے37، نیدر لینڈ کے لیے 17، جرمنی کے لیے 11 اور چین کے لیے برآمدات میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق جولائی تا فروری تیار ملبوسات کی برآمدات 13 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ارب 96 کروڑ ڈالر رہیں جبکہ نٹ ویئر کی برآمدات 8 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب 9 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
دستاویز کے مطابق اسی مدت میں سبزیوں کی برآمدات میں 71 فیصد، باستمی چاول کی برآمدات میں 37، گوشت اور گوشت کی مصنوعات کی برآمدات میں 52، بیڈ ویئر کی برآمدات میں 4، مچھلی اور مچھلی کی مصنوعات کی برآمدات میں 12 اور لیدر گارمنٹس کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آٹھ ماہ کے دوران فٹ بال کی برآمدات میں 12 اور لیدر دستانوں کی برآمدات میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔